30 جنوری ، 2025
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 2020 میں پی ٹی آئی دور حکومت میں پی آئی اے پائلٹس سے متعلق سابق وزیر کے بیان کا جائزہ لینے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنادی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اعلامیےکے مطابق وفاقی کابینہ کو 2020 میں پارلیمنٹ میں قومی ائیرلائن کے پائلٹس سے متعلق وفاقی وزیر کے بیان پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سابق وفاقی وزیر کا پائلٹس سے متعلق دیا گیا بیان غیرذمہ دارانہ اور مبالغہ آرائی پرمبنی تھا، سابق وزیر کے بیان سے ملک اور قومی ائیرلائن کا تشخص شدید متاثر ہوا، سابق وزیرکے بیان سے قومی خزانےکو بھی شدید نقصان ہوا۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ نے پائلٹس سےمتعلق سابق وزیر کے بیان کا جائزہ لینے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی مبالغہ آرائی پر مبنی سابق وزیر کے بیان کے محرکات کا پتہ چلائےگی، کمیٹی بیان کےنتیجےمیں قومی ائیرلائن اور قومی خزانےکو ہونے والے نقصان کا بھی تخمینہ لگائےگی۔
وفاقی کابینہ نےآف دی گرڈلیوی کیپٹوپاورپلانٹس آرڈیننس 2025 کی منظوری بھی دے دی۔
وفاقی کابینہ نے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کے چارٹر کی توثیق بھی کردی، مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کے تحت 200 ملین ہیکٹرز زمینی رقبےکی بحالی کی جائےگی، مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کے تحت 50 بلین درخت اگائے جائیں گے۔