01 فروری ، 2025
امریکی اور ڈچ حکام نے دنیا بھر میں ویب سائٹس ہیکنگ ٹولز بیچنے اور مالی فراڈ میں ملوث پاکستانی گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 39 سائبر کرائم ویب سائٹس بلاک کردیں۔
امریکی محکمہ انصاف کی پریس ریلیز کے مطابق پاکستان سے چلنے والے 39 سائبر کرائم ویب سائٹس اور ان کے سرورزبند کردیے ہیں، یہ ویب سائٹس ہیکنگ اور مالی فراڈ میں ملوث بین الاقوامی گروہوں کو غیر قانونی ٹولز فروخت کررہے تھے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق یہ کارروائی ڈچ نیشنل پولیس کے تعاون سے کی گئی جس میں ’صائم رضا‘ گروپ جسے ’ہارٹ سینڈر‘ بھی کہا جاتا ہے، نامی گروہ کے زیرانتظام چلنے والے آن لائن مارکیٹ پلیسز کو نشانہ بنایا گیا، گروہ نے اس طرح کے ٹولز کے استعمال کے لیے ہدایات پر مبنی ویڈیوز بھی اپ لوڈ کر رکھی تھیں۔
تحقیقات کے مطابق یہ نیٹ ورک 2020 سے سرگرم تھا اور امریکی شہریوں کو نشانہ بنا کر 30 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا چکا تھا، یہ ویب سائٹس فشنگ کٹس، اسکیمنگ پیجز اور ای میل ایکسٹریکٹرز جیسے ہیکنگ ٹولز فروخت کر رہی تھیں جو کاروباری ای میل کمپرو مائز (business email compromise ) فراڈ میں استعمال کیے جاتے تھے۔
ان ٹولز کے ذریعے کمپنیوں کو جعلی ادائیگیوں کے لیے دھوکا دیا جاتا تھا اور پیسے ہیکرز کے کنٹرول میں موجود اکاؤنٹس میں منتقل ہوجاتے تھے۔