Time 01 فروری ، 2025
پاکستان

پی ٹی آئی سے 26 نومبرکودرخواست کی تھی، اب بھی کرینگے، نہیں مانے توپھر وہی کریں گے: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو 8 فروری کے احتجاج سے متعلق خبردار کردیا۔

 لاہور میں نئے پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ 14 شہروں میں پاسپورٹ کاؤنٹر بنانےجارہے ہیں، عوام کو پاسپورٹ کے اجرا کےلیے سہولت پہنچارہے ہیں، نادرا اور پاسپورٹ حکام ملکر شہریوں کو سہولت فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ گجرات اور فیصل آباد ڈویژنوں سے لوگ بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جاتے ہیں ، بھیجنے والے اصل ذمے دار ہیں ، ان کا پورا بندوبست کریں گے ، ایف آئی اے میں بڑی تبدیلیاں نظر آئیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ اچھے بہت تعلقات ہیں، اس کے نتائج جلد نظر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ غیر قانونی اور جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں حقائق نہیں ہوتے، کوئی پاکستانی جائز طریقے سے بیرون ملک جاتا ہے تو خوشی ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے وزیر داخلہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے درخواست کریں گے کہ 8 فروری کو احتجاج نہ کریں، اگر انہوں نے 26 نومبر کی طرح ہماری بات نہ مانی تو پھر وہی کریں گے، ریاست حرکت میں آئے گی۔

اس سوال پر کہ اگر امریکا سے بانی پی ٹی آئی کے لیے کال آئی تو مان لیں گے یا انکار کردیں گے؟ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹھینگا دکھا دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :