Time 10 فروری ، 2025
دنیا

چین کیجانب سے امریکی مصنوعات پر آج سے جوابی ٹیکس کا نفاذ

چین کیجانب سے امریکی مصنوعات پر آج سے جوابی ٹیکس کا نفاذ
آج 10 فروری سے امریکا سے چین بھیجے جانے والی منصوعات پر چینی حکام 10 سے 15 فیصد ٹیرف وصول کریں گے/ فائل فوٹو

بیجنگ: امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد ٹیرف کے جواب میں چین کی جانب سے امریکی مصنوعات کی درآمدات پر جوابی ٹیرف آج سے نافذ العمل ہوگا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں چینی مصنوعات کی درآمد پر  ٹیرف (ٹیکس) عائد کیا تھا جس پر چینی حکومت نے بھی امریکا سے چین آنے والی منصوعات پر جوابی ٹیرف عائد کیا تھا جو آج سے نافذ ہو جائے گا۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج 10 فروری سے امریکا سے چین بھیجی جانے والی منصوعات پر چینی حکام 10 سے 15 فیصد ٹیرف وصول کریں گے۔

امریکا سے درآمد کوئلے اور گیس کی مصنوعات پر 15 فیصد لیوی وصول کی جائے گی جبکہ امریکی درآمد شدہ تیل (Crude Oil) اور آٹو  پاڑٹس پر 10 فیصد ٹیرف وصول کیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ماہ کے آغاز میں کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد اشیاء پر 25 فیصد جبکہ چین سے امریکا بھیجی جانے والی اشیا پر 10 فیصد ٹیرف (ٹیکس) عائد کیا تھا۔

 امریکی ٹیرف کے جواب میں کینیڈا اور میکسیکو کی جانب سے بھی امریکی درآمدات پر جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر بعد ازاں صدر ٹرمپ نے دونوں ممالک پر لگائے گئے ٹیرف ایک ماہ کے لیے روکنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کینیڈا اور میکسیکو نے بھی اپنے اعلانات واپس لے لیے تھے۔

 دوسری جانب ٹرمپ نے چین پر لگایا گیا ٹیرف واپس نہیں لیا تھا جس کے جواب میں چین نے بھی اپنے ٹیرف لگانے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

اس کے علاوہ امریکی صدرٹرمپ نے رواں ہفتےاسٹیل اور المونیم مصنوعات پر 25 فیصدٹیرف لگانےکا اعلان کیا مگر یہ واضح نہیں کہ اس ٹیرف کا اطلاق کن ممالک پر ہوگا۔

تاہم فرانس کا کہنا ہے کہ یورپی یونین امریکا کی طرف سے عائد کردہ کسی بھی ٹیرف کا جواب دےگی۔

فرانسیسی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ یورپی شراکت داروں کو اپنے مفادات کے دفاع میں ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے، ٹرمپ نے2018 میں بھی یہی کیا تھا تو ہم نے جواب دیا تھا، اب بھی جواب دیں گے، یورپی یونین کے ساتھ تجارتی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔


مزید خبریں :