10 فروری ، 2025
برطانیہ کے پرنس ہیری اور میگھن مارکل کی طلاق کے حوالے سے افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں۔
درحقیقت جوڑے کی جانب سے متعدد بار ان افواہوں کی تردید کی گئی مگر پھر بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔
اب ایک نئی رپورٹ میں میگھن مارکل اور پرنس ہیری کے درمیان طلاق سے متعلق ایک خفیہ معاہدے ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اگر جوڑے کی طلاق ہوتی ہے تو اس صورت میں میگھن مارکل نے خفیہ معاہدے میں متعدد مطالبات کر رکھے ہیں۔
اس معاہدے کے مطابق اگر پرنس ہیری میگھن مارکل سے علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہیں تو انہیں اہلیہ کے متعدد مطالبات کو پورا کرنا ہوگا۔
ریڈار آن لائن نامی میڈیا ادارے سے بات کرتے ہوئے برطانوی شاہی محل کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ میگھن مارکل نے شہزادے پر واضح کر دیا ہے کہ اگر حال یا مستقبل میں وہ جب بھی کبھی الگ ہوئے تو ان کا شاہی خطاب برقرار رہے گا جبکہ انہیں زرتلافی کے طور پر کافی کچھ دیا جائے گا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طلاق کی صورت میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے مونٹیسیٹو میں واقع جوڑے کا گھر میگھن مارکل کی ملکیت ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق میگھن مارکل کا کہنا ہے کہ 'طلاق کی صورت میں اس وقت تک کہیں نہیں جاؤں گی جب تک کہ شاہی خطاب، جائیداد اور بڑی رقم نہ وصول کر لوں'۔
اس جوڑے کی طلاق سے متعلق خبریں گزشتہ سال بھی سامنے آئی تھیں اور اس وقت ایک ایونٹ کے دوران پرنس ہیری نے تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا تھا۔
پرنس ہیری نے اس موقع پر کہا کہ اگر خبروں پر جایا جائے تو ہم دونوں کے درمیان متعدد بار طلاق ہوچکی ہے، مگر دیکھیں ہم اب بھی ایک ساتھ ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 8 فروری 2025 کو پرنس ہیری اور میگھن مارکل نے طلاق کی افواہوں کو بلاواسطہ طریقے سے مسترد کیا تھا۔
دونوں عوامی سطح پر 6 ماہ بعد پہلی بار 8 فروری کو اکٹھے نظر آئے تھے۔
اس موقع پر دونوں کی جانب سے تقاریر بھی کی گئی تھیں اور میگھن مارکل نے اپنے شوہر کو خراج تحسین پیش کیا اور پیار کا اظہار کیا۔