Time 19 فروری ، 2025
پاکستان

عمران خان کو نااہلی ختم کرنیکی پیشکش کی جا رہی ہے: صاحبزادہ حامد کا دعویٰ

عمران خان کو نااہلی ختم کرنیکی پیشکش کی جا رہی ہے: صاحبزادہ حامد کا دعویٰ
پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے پہلے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کی شرط رکھی، جب انہیں 14 سال سزا ہوئی تو مذاکرات ہی ختم کردیے : وفاقی وزیر مصدق ملک/فوٹوفائل 

سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 3 ماہ میں نااہلی ختم کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام’ کیپیٹل ٹاک ‘ میں گفتگو کرتےہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا  یہ دعویٰ بھی مسترد کر دیا  کہ عمران خان جیل سے نکلنے کے لیے منت سماجت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی نے کسی لیڈر کی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ عمران خان کو 3 ماہ میں نااہلی ختم کرنے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا  کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پر حملہ سب سے بھیانک تھا تاہم قومی اسمبلی میں صورتحال اس سے بھی بدتر ہے، قائد حزب اختلاف کو فلور نہیں دیا جاتا جبکہ پنجاب کا ایس ایچ او دیگر صوبوں کے آئی جیز سے بھی طاقتور ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ  پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے پہلے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کی شرط رکھی، جب عمران خان کو 14 سال سزا ہوئی تو مذاکرات ہی ختم کردیے۔

مصدق ملک نے مزید کہاکہ پولرائزیشن اتنی ہوگئی ہے کہ سیاسی اختلاف دشمنی تک پہنچ گئے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی نے خود کہا کہ لیڈرکوبنی گالہ بھیجنے کی تجویز انہوں نے خود دی۔

مزید خبریں :