26 فروری ، 2025
ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کل اپنے پہلے سرکاری دورے پرپاکستان آئیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شیخ خالد بن محمد کے ہمراہ وزرا، سینیئرحکام اورکاروباری شخصیات پرمشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ یہ دورہ پاکستان اوریو اے ای کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، دورہ دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کوظاہرکرتا ہے۔
ترجمان نے بتایاکہ دورے میں ابوظبی کے ولی عہد پاکستان کی قیادت سے وسیع تبادلہ خیال کریں گے، ملاقاتوں میں اقتصادی وسرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے پرتوجہ دی جائے گی اور دورے میں کئی معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پردستخط کیے جائیں گے، ان معاہدوں سے مشترکہ منصوبوں اوراقتصادی تعاون میں مزید فروغ کی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اوریو اے ای کے تعلقات ہمیشہ باہمی احترام، اعتماد اورمشترکہ امنگوں پرمبنی رہے ہیں۔