پاکستان

صحافی فرحان ملک کے دفتر پر ایف آئی اےکا چھاپہ، کمپیوٹر اور یو ایس بی ضبط کرلی

صحافی فرحان ملک کے دفتر پر ایف آئی اےکا چھاپہ، کمپیوٹر اور  یو ایس بی ضبط کرلی
فوٹو: فائل

کراچی میں صحافی فرحان ملک کے دفتر پر ایف آئی اے  نے چھاپہ  مارا  اور  ان کا کمپیوٹر اور  یو ایس بی ڈرائیو ضبط کرلی۔

دفتر انتظامیہ کے مطابق فرحان ملک کے دفتر پر چھاپہ معمول کی تحقیقات نہیں بلکہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔

دوسری جانب  سندھ ہائی کورٹ نے ملک مخالف ویڈیوز  بنانے کےکیس میں فرحان ملک کی جانب سے مقدمہ خارج کرنےکی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت عیدکی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔

درخواست گزار کے وکیل معیز جعفری ایڈووکیٹ کا کہناتھا کہ ایف آئی آر غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہے، مقدمہ درخواست گزار کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے، مقدمے پر حکم امتناع مانگا تھا جو نہیں ملا۔

معیز جعفری ایڈووکیٹ کا کہناتھا کہ جس وقت انکوائری شروع ہوئی تب پیکا ترمیمی ایکٹ موجود نہیں تھا اگر ایسے مقدمات کی اجازت دی گئی تو شہریوں کے خلاف مقدمات کا ایک  نیا دروازہ کھل جائےگا،کوئی بھی سرکاری افسر کسی بھی شہری کے خلاف عناد مقدمےکی صورت میں نکال سکےگا۔

درخواست میں سندھ حکومت، ایس ایس پی ایسٹ، ڈائریکٹر ایف آئی اے و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں :