02 جون ، 2025
اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے 3 سال سے زائد عرصے سے مستفید ہونے والے مستحقین کو 30جون 2025 تک از سرنو سروے کرانے کی ہدایت کردی۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے جنگ کو تصدیق کی ہے کہ دوبارہ سروے کا عمل صرف ان افراد کےلیے ہے جو تین سال سے زائد عرصےسے بی آئی ایس پی کی امداد وصول کررہے ہیں، ان کی مالی پوزیشن کی موجودہ صورتحال جاننے کےلیے دوبارہ تصدیق لازمی قراردی گئی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ اس وقت امداد کے مستحق ہیں یا نہیں۔
اعلامیے کے مطابق ایسے تمام مستحقین جو 3 سال سے زائد عرصے سے بی آئی ایس پی پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں وہ اپنا قومی شناختی کارڈ اور بچوں کا ب فارم ہمراہ رکھ کر قریبی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر میں جاکر ازسرنو اپنا سروے کروائیں، جو مستحقین 30جون تک اپنا سروے نہیں کرائیں گے ان کی مالی امداد روک دی جائے گی۔