02 مارچ ، 2012
کراچی. . . . . .. .کراچی میں 25فروری کو اغواء کیے جانے والے ڈاکٹر کو اے وی سی سی اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کے بعد سرجانی ٹاوٴن سے باحفاظت بازیاب کروالیا۔ کارروائی کے دوران دو اغواء کواسلحے سمیت گرفتار بھی کر لیاگیا۔چیف سی پی ایل سی سندھ احمد چنائے کے مطابق سرجانی ٹاوٴن کے علاقے خدا کی بستی میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے مغوی کی اطلاع پر ایک گھر پر مشترکہ چھاپہ مارا، اس دوران پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ،تاہم اغواء کیے گئے ڈاکٹر خالد محمود کو با حفاظت بازیاب کرواکر دو ملزمان ہارون اور محمد الطاف کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا تاہم ان کے دیگر تین ساتھی فرار ہوجانے میں کامیاب ہوگئے۔نارتھ کراچی کے رہائشی ڈاکٹر خالد محمود کو 25فروری کو لیاری ایکسپریس وے سے گاڑی سمیت اغواء کیا گیا تھا اور ان کی رہائی کے لیے اغواء کاروں نے 20لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔