پاکستان
02 مارچ ، 2012

کراچی: پولیس اہلکاروں پر تشدد،رئیسانی کے بیٹے سمیت20 افراد کیخلاف مقدمہ

کراچی: پولیس اہلکاروں پر تشدد،رئیسانی کے بیٹے سمیت20 افراد کیخلاف مقدمہ

کراچی. . . . . . . .کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان شمشیر میں بلوچستان کے اعلی سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور اپنے پکڑے جانے والے ساتھیوں کو چھڑالے گئے۔پولیس کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود میں واقع خیابان شمشیر پر تین گاڑیوں میں سوار دس سے زائد افراد آنے اور جانے والی گاڑیوں کو روک کر تنگ کررہے تھے جس کے بعد پولیس وہاں پہنچی تو نشے میں دھت افراد نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔تشدد کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی غلام حسین اور کانسٹیبل لیاقت علی شامل تھے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اے ایس آئی غلام حسین کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر وزیراعلی بلوچستان کے بیٹے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان پر تشدد کیا ،جو تین گاڑیوں میں سوار،شراب کے نشے میں دھت اور اسلحہ بردار تھے۔اے ایس آئی غلام حسین کا کہنا تھا کہ تشدد کرنے والے کسی بھی شخص کو پکڑا نہیں جاسکا۔ایس پی کلفٹن طارق دھاریجو نے جیو نیوز سے گفتگو میں پہلے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور انہیں میڈیکو لیگل کیلئے جناح اسپتال بھیجا جارہا ہے تاہم آنے والے پریشر کو پولیس برداشت نہ کرسکی اور تمام افراد کو جانے دیا گیا۔وزیراعلیٰ کے بیٹے سمیت20 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


مزید خبریں :