08 اپریل ، 2025
انڈر23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں مینز اور ویمن ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی جبکہ پاکستان کے نور زمان فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
کراچی میں جاری چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے نور زمان نے فرانس کے شیانی مانیکو کو اسٹریٹ گیمز میں تین صفر سے ہرادیا جبکہ پاکستان ہی کے حمزہ خان ملائیشین کھلاڑی راج چندران کے خلاف کامیابی حاصل نہ کرسکے۔
تیسرے کوارٹرفائنل میں مصر کے ال ٹورکی نے سوئٹرزلینڈ کے ڈیوڈ برنیڈ کو اسٹریٹ گیمز سے ہرادیا، آخری کوارٹر فائنل میں مصر کے ابراہیم الکبانی نے نیدرلینڈز کے ڈامنگ کو اسٹریٹ گیمز میں شکست دی۔
سیمی فائنل میں نور زمان کا مقابلہ ملائیشیا کے راج چندران سے ہوگا اور دوسرے سیمی فائنل میں ابراہیم الکبانی ہم وطن ال ٹورکی سے مقابلہ کریں گے۔ ویمن ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں نمبر دو سیڈ مصر کی ملک کافخے کو ملائیشیا کی زین ین یی کے خلاف اپ سیٹ شکست ہوگئی۔
خواتین میں ٹاپ سیڈ مصر کی ابوالخیر اور ہانگ کانگ کی چین سنک یو نے بھی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
چیمپئن شپ کے سیمی فائنلز کل کھیلے جائیں گے، جیو سوپر میچز براہ راست نشر کررہا ہے۔