09 اپریل ، 2025
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں امریکی وفد نے پاکستان کی معدنیات پر پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسے امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت جنوبی اور وسطی ایشیا امور کے سینیئر بیورو افسر ایرک میئر نے کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ امریکی وفد نے وسیع معدنیات کی دولت کی ترقی کی پاکستان کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ ایرک میئر نے پاکستان کی بتدریج بہتر ہوتے سرمایہ کاری ماحول پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں فریقوں کو عالمی تبدیلیوں پرمؤقف شیئرکرنےکا موقع بھی فراہم کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقوں کو پاکستان کی علاقائی سکیورٹی ضروریات پر بات چیت ہوئی اور فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اظہار اعتماد کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فریقین نے بزنس ٹو بزنس راستے تلاش کرنے، موجودہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اور پی ٹو پی تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔