13 اپریل ، 2025
دنیا بھرسے بڑی تعداد میں پاکستانی اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ لوک ورثہ میں اوورسیزپاکستانیوں کے اعزاز میں کلچرل ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جہاں فوڈ فیسٹیول اور لوک موسیقی کی محفل سے مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اوورسیز پاکستانیزکنونشن کا افتتاحی سیشن کل کنونشن سینٹرمیں ہوگا جس سے وزیراعظم شہبازشریف خطاب کریں گے۔
وفاقی وزیرچوہدری سالک اورچیئرمین سینیٹ کنونشن میں شرکت کریں گے، کنونشن میں کابینہ ارکان اور پارلیمنٹیرینز بھی بڑی تعداد شریک ہوں گے۔
کنونشن میں اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل اور خدمات کو اجاگرکیا جائے گا اور اوورسیزپاکستانیوں کیلئے حکومتی پالیسیوں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ کنونشن میں ثقافت، تجارت اورتعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مواقع زیربحث آئیں گے۔
کنونشن میں مختلف ممالک سے آئے مندوبین بھی شرکت کریں گے۔
دوسری جانب وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اربوں ڈالرز ترسیلات بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے، اڑان پاکستان منصوبے سے پاکستان مزید ترقی کرے گا۔