Time 18 اپریل ، 2025
دلچسپ و عجیب

دنیا کا دور افتادہ ملک جہاں اب جاکر پہلی بار اے ٹی ایم نصب ہوا ہے

دنیا کا دور افتادہ ملک جہاں اب جاکر پہلی بار اے ٹی ایم نصب ہوا ہے
15 اپریل کو وہاں اولین مشینوں کو نصب کیا گیا / فوٹو بشکریہ سی این این

ویسے تو دنیا بھر میں برسوں سے لوگ اے ٹی ایم مشینوں کا استعمال کر رہے ہیں۔

مگر دنیا کے دور افتادہ ممالک میں سے ایک ملک تووالو میں اب جاکر پہلی بار اے ٹی ایم مشینوں کو نصب کیا گیا ہے۔

جزائر پر مشتمل دنیا کا چوتھا چھوٹا ملک قرار دیے جانے والے تووالو آسٹریلیا اور ہوائی کے درمیان بحر الکاہل میں واقع ہے اور یہ دنیا سے اتنا کٹا ہوا ہے کہ اب تک وہاں تمام تر مالی ٹرانزیکشنز نقد رقم سے ہوتی تھی۔

تو 15 اپریل کو جب وہاں اولین اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب ہوئی تو یہ اس ملک کے لیے بڑی خوشی کا لمحہ تھا۔

تووالو کے دارالحکومت فونافوتی میں جب حکام ایک اے ٹی ایم مشین کے پاس جمع ہوئے تو وزیراعظم فیلاتی ٹیو نے اسے اہم ترین سنگ میل قرار دیا۔

اس موقع پر ایک بڑا کیک بھی کاٹا گیا۔

نیشنل بینک آف تووالو کے جنرل منیجر سیوسی ٹیو نے کہا کہ یہ اہم پیشرفت ہے جو تووالو کے عوام کی معاشی ترقی کو یقینی بنائے گی۔

9 چھوٹے جزائر پر مشتمل اس ملک کا مجموعی رقبہ محض 10 اسکوائر میل ہے اور وہاں سیاحوں کی آمد بھی بہت کم ہوتی ہے۔

2023 میں محض 3 ہزار سیاح وہاں آئے تھے اور وہاں ایک ائیرپورٹ ہے جہاں ہر ہفتے چند پروازیں پڑوسی ملک فجی سے پہنچتی ہیں۔

جب وہاں طیارے لینڈ نہیں کرتے تو ائیرپورٹ کے رن وے کو مقامی افراد کی جانب سے مختلف کھیلوں کے لیے پلے گراؤنڈ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

اس ملک کا بلند ترین مقام سطح سمندر سے محض 15 فٹ بلند ہے اور اسی وجہ سے اسے سمندری سطح میں اضافے سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

مزید خبریں :