Time 25 جون ، 2025
دلچسپ و عجیب

وہ ٹرین ڈرائیور جسے ریل گاڑی چلانے کے دوران حکومتی وزیر بنا دیا گیا

وہ ٹرین ڈرائیور جسے ریل گاڑی چلانے کے دوران حکومتی وزیر بنا دیا گیا
کم یونگ بون / فوٹو بشکریہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ

ویسے تو یہ تصور کرنا ہی مشکل محسوس ہوگا کہ کسی ٹرین ڈرائیور کو کسی ملک کی حکومت اچانک وزیر بنا دے۔

مگر جنوبی کوریا میں ایسا انوکھا اور منفرد واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک ٹرین ڈرائیور کو وزیر محنت و ملازمت کا عہدہ اچانک دے دیا گیا۔

درحقیقت 57 سالہ کم یونگ ہون کو وزارت کے عہدے پر اس وقت تعینات کیا گیا جب وہ بوسان اور Gimcheon درمیان چلنے والی ایک ٹرین کو چلا رہے تھے۔

23 جون کو جنوبی کوریا کے نئے صدر لی جے میونگ نے کم یونگ بون کو کابینہ کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تو وہ ٹرین چلا رہے تھے اور ان کا موبائل فون بند تھا تو انہیں اس کا علم ہی نہیں ہوا۔

انہیں وزیر بننے کا علم ایک گھنٹے بعد اس وقت ہوا جب ان کی شفٹ مکمل ہوئی اور وہ ٹرین سے باہر آئے۔

وزیر کے طور پر انہیں ورکرز کے حقوق کا تحفظ فراہم کرنا ہوگا اور صنعتی حادثات جیسے مسائل پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

اس طرح ساڑھے 4 دن کے کاروباری ہفتے کے نظام اور لیبر مسائل کے لیے قانون سازی پر بھی کام کرنا ہوگا۔

بوسان سے تعلق رکھنے والے کم یونگ بون نے ڈونگ اے یونیورسٹی سے گریجویشن کی تھی۔

وہ مزدور یونین میں بھی کافی سرگرم رہے اور 2010 سے 2012 تک کورین کنفیڈریشن آف ٹریڈ یونینز (کے سی ٹی یو) کی سربراہی بھی کرتے رہے۔

عام طور پر جنوبی کوریا میں وزیر محنت کے لیے حکومتی اور تدریسی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے تو کم یونگ بون کا انتخاب لوگوں کے لیے حیران کن ثابت ہوا۔

مزید خبریں :