26 جون ، 2025
بیوی کی محبت واپس حاصل کرنے کیلئے کالا جادو کرانے والے شوہر کو جیل کی ہوا کھانا پڑگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایک شوہر نے بیوی کی محبت واپس حاصل کرنے کیلئے کالے جادو کا استعمال کیا۔
پولیس نے بتایا کہ شوہر نے بیوی کی محبت کو دوبارہ پانے کیلئے واٹس ایپ پر کالا جادو کرنے والی جادوگرنی سے رابطہ کیا اور اسے اپنی بیوی کی معلومات دیتے ہوئے تصاویر، ویڈیوز اور ساتھ ہی دونوں کے نمبرز بھی بھیجے تاکہ رابطہ کیا جاسکے۔
پولیس کے مطابق جادوگرنی نے اس کام کیلئے شوہر سے 20 ہزار درہم کا مطالبہ کیا جو شوہر ادا کرنے کیلئے تیار ہوگیا، اس کے بعد جادوگرنی نے مزید 25 ہزار درہم کا مطالبہ کیا جسے شوہر نے دینے سے انکار کیا تو اس نے بیوی کو تصاویر بھیج کر سارا راز کھولنے کی دھمکی دی۔
شوہر نے دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور جادوگرنی سے رابطہ کیا اور اسے 10 ہزار درہم دیے لیکن شوہر کو اس میں بھی ناکامی کا سامنا رہا جس کے بعد اس نے تیسری خاتون سے رابطہ کیا جس نے کوئی پیسوں کا تقاضا نہیں کیا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ خاتون شوہر سے خلع لینےکیلئے پہلے ہی کیس فائل کرچکی تھی اور وہ2 ماہ قبل شوہر کا گھر چھوڑ چکی تھی۔
ایک خاتون کے ذریعے بیوی کو معلوم ہوا کہ اس کا شوہر کالا جادو کروارہا تھا جس پر بیوی نے ثبوت کے ساتھ پولیس سے شکایت کی، پولیس نے خاتون کی شکایت پر اس کے شوہر کو گرفتار کرکے 6 ماہ کیلئے جیل بھیج دیا۔