26 جون ، 2025
ایک خاتون جب حاملہ ہوتی ہے تو اسے اس کا علم ایک یا دو ماہ بعد ہوجاتا ہے اور بچے کی پیدائش سے کچھ مہینے پہلے اردگرد موجود ہر فرد کو بھی یہ معلوم ہوجاتا ہے۔
مگر کیا ایسا بھی ممکن ہے کہ کوئی خاتون ماں بننے والی ہو اور اسے پورے 8 یا 9 ماہ تک علم ہی نہ ہو بلکہ اسپتال میں کسی اور مرض کے علاج کے لیے جانے پر بچے کی پیدائش ہوجائے؟
ایسا کروڑوں میں سے ایک کے ساتھ ہی ہوسکتا ہے اور ایسا حیرت انگیز واقعہ چین میں سامنے آیا ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق وسطی چین میں یہ حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا۔
صوبہ Hubei کے شہر Ezhou میں ایک خاتون دوپہر کے کھانے کے بعد معدے کی تکلیف کے باعث خود الیکٹرک بائیک چلا کر اسپتال پہنچی، وہاں جاکر ڈاکٹروں نے اسے بتایا کہ وہ حاملہ ہے اور ایک گھنٹے بعد اس نے ایک بیٹے کو جنم دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لی نامی خاتون (اس کا پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) کو دوپہر کے کھانے کے بعد معدے میں شدید تکلیف ہوئی اور اسے لگا کہ یہ بسیار خوری کا نتیجہ ہے۔
مگر جب تکلیف میں کمی نہیں آئی تو اس نے الیکٹرک بائیک پر ایک چھوٹے اسپتال جانے کا فیصلہ کیا اور دوپہر 2 بجے وہاں پہنچی۔
اسپتال میں معدے کی تکلیف بہت زیادہ بڑھنے پر الٹرا ساؤنڈ کیا گیا جس سے حمل کا انکشاف ہوا جبکہ بچے کی پیدائش کی دیگر علامات سامنے آنے پر ڈاکٹروں کی پوری ٹیم کی خدمات حاصل کی گئی۔
3 بج کر 22 منٹ پر خاتون نے ایک بیٹے کو جنم دیا جس کا وزن ڈھائی کلو گرام تھا۔
بچے کی پیدائش کے بعد خاتون کو مزید معائنے کے لیے ایک میونسپل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا۔
حمل اور بچے کی پیدائش کے حوالے سے خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ 'جب ڈاکٹروں نے بتایا کہ میں حاملہ ہوں تو میں شاک رہ گئی تھی'۔
یہ ان کا دوسرا بیٹا ہے، پہلے بیٹا 6 سال کا ہے، جبکہ خاتون اور ان کے شوہر نے مزید بچوں کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی اور اس حوالے سے مکمل احتیاط بھی اپنائی تھی۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران ان کے جسمانی وزن میں کچھ اضافہ ہوا تھا مگر حمل کی دیگر روایتی علامات کا تجربہ نہیں ہوا۔
خاتون کے مطابق 'اس بار مجھے حمل کا علم نہیں ہوا اور میں اکثر الیکٹرک بائیک پر سفر کرتی رہی، خوش قسمتی سے بچہ مکل طور پر صحت مند ہے'۔
لی کے شوہر دوسرے شہر میں کام کرتے ہیں اور بیٹے کی غیر متوقع پیدائش پر وہ گھر لوٹ آئے۔