دنیا
11 مارچ ، 2013

امریکا نے طالبان کیساتھ خفیہ مذاکرات سے متعلق کرزئی کا بیان رد کردیا

امریکا نے طالبان کیساتھ خفیہ مذاکرات سے متعلق کرزئی کا بیان رد کردیا

واشنگٹن…امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے افغان صدر حامد کرزئی کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا طالبان کے ساتھ مذاکرات نہیں کررہا، طالبان نے بھی صدر کرزئی کے دعوے کو غلط قرار دیا ہے۔ چک ہیگل نے کابل میں صدر کرزئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے الزام میں کوئی سچائی نہیں۔ انہوں نے صدر کرزئی کو بتایا ہے کہ امریکا طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کے لئے یک طرفہ طور پر کام نہیں کررہا۔ حقیقت یہ ہے کہ امن کے کسی بھی امکان یا سیاسی تصفیے کی قیادت افغان کریں گے، امریکا اس میں صرف مدد فراہم کرے گا۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی کرزئی کے بیان کو یکسر غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔ اس سے پہلے افغان صدر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ طالبان روزانہ امریکی حکام کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں اور یہ مذاکرات خلیجی اور یورپی ممالک میں ہورہے ہیں۔

مزید خبریں :