29 مئی ، 2025
ڈھاکہ میں ٹیسٹ میچ کے دوران بنگلا دیش اور جنوبی افریقا کے کھلاڑی ہاتھا پائی پر اتر آئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا اور بنگلادیش کی ایمرجنگ ٹیموں کے درمیان میرپور کے شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں 4 روزہ ٹیسٹ میچ جاری تھا۔
دوران میچ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان ناقابل قبول صورتحال اس وقت پیش آئی جب جنوبی افریقا کے بولر ٹی شیپو نٹولی اور بنگلا دیش کے بیٹر رپن مونڈول ہاتھا پائی پر اتر آئے۔
افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب بنگلا دیشی بیٹر رپن مونڈول نے جنوبی افریقی بولر شیپو نٹولی کے خلاف چھکا لگایا، چھکا کھانے کے بعد ٹی شیپو نٹولی اور رپن مونڈول کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد افریقی بولر نے بنگلادیشی بیٹر پر دھاوا بول دیا۔
جنوبی افریقی بولر ٹی شیپو نٹولی نے بنگلادیشی بیٹر کو پہلے دھکا اور پھر ہاتھا پائی شروع کردی، اس دوران امپائر سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑی دونوں کوعلیحدہ کرتے نظر آئے، وائرل ویڈیو میں دونوں کرکٹر کو دوران میچ ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ پائی کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
آن فیلڈ امپائر کی جانب سے واقعے کی باضابطہ رپورٹ فی الحال جمع نہیں کرائی گئی، رپورٹ جمع کروائے جانے کے بعد شیپو نٹولی اور رپن مونڈول پر سخت پابندیاں لگنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔