15 مارچ ، 2013
اسلام آباد…انتخابی نشانات کے لیے درخواست دینے کی ڈیڈ لائن آج رات ختم ہو رہی ہے۔دوسری طرف الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی چھپائی کے بعد 18 مارچ کو سیاسی جماعتوں کو ملاقات کے لیے بلالیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انتخابی نشانات الاٹ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کو 104 سیاسی جماعتوں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔مسلم لیگ ن نے شیر، پیپلزپارٹی پارلیمینٹرینز نے تیر، ایم کیو ایم نے پتنگ، تحریک انصاف نے بیٹ اور مسلم لیگ ق نے سائیکل کے لیے درخواست دی ہے۔جے یو آئی ف نے کتاب، اے این پی لالٹین، پاکستان عوامی تحریک ہلال اور آل پاکستان مسلم لیگ نے عقاب کے لیے درخواست جمع کروائی۔123جماعتیں ایسی ہیں جنہوں نے ابھی تک انتخابی نشان کیلئے درخواست نہیں دی ہے،جبکہ ڈیڈ لائن آج رات بارہ 12بجے ختم ہورہی ہے۔الیکشن کمیشن آئندہ ہفتے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کر ے گا۔ دوسری جانب کاغذات نامزدگی ملک بھر میں پہنچانے کاکام شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے وزارت قانون کو اٹھارہ مارچ کو سیاسی جماعتوں سے ملاقات کے لیے خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔