Time 24 جون ، 2025
پاکستان

محرم میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کریں، وزیراعلیٰ پنجاب کا حکم

محرم میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کریں، وزیراعلیٰ پنجاب کا حکم
وزیر اعلیٰ پنجاب نے عزاداروں کےلیے ہیٹ اسٹروکس سے بچاؤ اور عاشورہ جلوسوں کے ساتھ فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویل بھی متعین کرنے کا حکم دیا— فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے منفی قوتیں خائف ہیں اسی لیے محرم الحرام کو حساس تصور کریں اور  سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت محرم الحرام کے  دوران امن و امان قائم رکھنے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں انہوں نے محرم الحرام کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے ہنگامی پلان طلب کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس کے دوران کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی سے منفی قوتیں خائف ہیں اسی لیے محرم الحرام کو حساس تصور کریں، عوام کو ہر جگہ پر  حکومت کی رٹ نظر  آنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ محرم کے دوران سوشل میڈیا پر نفرت انگیز  مواد پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے گا، پنجاب میں محرم الحرام کے دوران ڈرونز  اڑانے پر  مکمل پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے وال چاکنگ پر بھی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے عزاداروں کےلیے ہیٹ اسٹروکس سے بچاؤ  اور عاشورہ جلوسوں کے ساتھ فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویل بھی متعین کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ محرم پرکوڈ آف کنڈکٹ پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے، خلاف ورزی پر  زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائےگی۔

مزید خبریں :