24 جون ، 2025
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بیرسٹرسیف نے بانی پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کے بجٹ پر بریفنگ دی اور انہیں بجٹ پاس کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ بجٹ مشروط طور پر پاس کیا گیا اورآئینی مدت میں بجٹ پاس کرنا ضروری تھا۔
ذرائع نے بتایاکہ بیرسٹر سیف نے عمران خان سے کہا کہ بعد میں بجٹ میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بجٹ پاس ہونے پررضامندی کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ اورمشیرخزانہ سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی بجٹ پرہدایات دے سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رات میں خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بغیر ہی بجٹ منظور کرلیا۔
بجٹ منظوری سے قبل اپنی تقریر میں علی امین گنڈاپور نےکہا تھا کہ بانی سے جب بھی ملاقات ہوئی ان کی ہدایت کے مطابق بجٹ میں تبدیلیاں لائیں گے۔