21 مارچ ، 2013
اسلام آباد…نگراں وزیراعظم کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا ہے،پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے دوبارہ ہو گا،اجلاس کے بعد سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ الیکشن کمیشن جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کر لیا جا ئے گا ،سیاسی لوگ سیاسی فیصلے کرتے ہیں۔ہم نے اپوزیشن کے ناموں پر سوالات اٹھائے ہیں جبکہ انہوں نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ ناموں پر سوالات اٹھائے،امید ہے کل یہ تمام جوابات ملک جائیں گے اور معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں ہی حل ہو جائیگا، تاہم ابھی نام نہیں بتائیں گے، عوام ابھی صبر کریں۔پارلیمانی کمیٹی کے چیئر مین غلام احمد بلور کا اس موقع پر کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کیلئے چاروں ناموں پر مشاورت ہو گئی ہے،نگراں وزیراعظم کیلئے کل ناموں کا حتمی جائزہ لیں گے،100 فیصد امید ہے کہ کسی ایک نام پر متفق ہو جائیں گے۔فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ تمام اراکین کی خواہش ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو،پارلیمانی کمیٹی اپنی حدود میں کام کر رہی ہے،آج تمام امیدواروں کی خوبیوں اور خامیوں پر بات کی گئی۔ممبر کمیٹی یعقوب ناصر کا کہنا تھا کہ چاروں امیدواروں پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔چودھری شجاعت نے اجلاس کے بعد کہا کہ بڑی بد قسمتی ہوگی کہ سیاسی لوگ غیر سیاسی لوگوں سے فیصلہ کرائیں۔