22 مارچ ، 2013
پشاور…یو این ایچ سی آر نے خیبر ایجنسی کی وادی تیرا سے بے گھر ہونے والے 4 ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن اور امداد سے انکار کر دیا جس کے باعث متاثرین بے سروسامانی کی حالت میں حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ارشد خان نے جیو نیوز کے نمائندے نعمان خان کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ خیبر ایجنسی کے وادی تیرا میں دو متحرک گرپوں کے درمیان لڑائی کے باعث 32ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں ۔ جبکہ متاثرہ علاقوں سے متاثرین کی نقل مکانی کاسلسلہ جاری ہے ۔ ارشد خان نے مزید کہا کہ فاٹا ڈ یزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعداد وشمار کے مطابق 4ہزار 122افراد پر مشتمل 520خاندانوں نے کرم ایجنسی میں جبکہ 28ہزار794افراد پر مشتمل 3ہزار7سو70 خاندانوں نے اورکزئی ایجنسی میں پناہ لی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور متاثرین کی امداد کے لئے 500 خیمے ۔ ادویات اور خوراک کا سامان پولی ٹیکل انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم یواین ایچ سی ار کی جانب سے متاثرین کی رجسٹریشن اور امداد فراہم کرنے کے انکا ر کے باعث امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔