23 مارچ ، 2013
کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے ضروری ہے کہ صوبے اور شہر میں مکمل امن و امان ہو اور قانون کی عملداری او ر عوام میں تحفظ کا احساس موجود ہو۔ گورنر ہاوٴس کراچی میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کو صوبے بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے بعد گورنر سندھ نے کہا کہ جن علاقوں میں حکومت کی رٹ کمزور ہے وہاں بھرپور کارروائی کرکے انہیں جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ قانون پر عمل درآمد جب تک اوپر سے شروع نہیں ہوگا اس وقت تک اس کے اثرات ظاہر نہیں ہونگے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے فینسی نمبر پلیٹ ، کالے شیشوں اور موٹر سائیکلوں کے نمبر پلیٹس کے حوالے سے جن کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے ان کو موثربنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں پورے شہر میں یکساں کی جائیں خصوصاً اسنیپ چیکنگ کا دائرہ کا ر بڑھا یا جائے۔نگراں وزیر اعلیٰ زاہد قربان علوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔