23 مارچ ، 2013
کراچی…مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے پیپلز پارٹی سے کسی بھی طرح کے رابطے کی تردید کی ہے۔ راجا ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پیر پگارا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے کسی سطح پر بات نہیں ہورہی تاہم گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا فون آیا تھا مگر طبیعت کی خرابی کی وجہ سے بات نہیں ہوسکی۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ اُن کی خواہش تھی کہوہ تمام مسلم لیگیوں کو اکھٹا کریں مگر اب انتخابات میں وقت کم رہ گیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی کوشش ہے کہ انتخابات میں ون ٹو ون مقابلہ ہو۔ کراچی بے امنی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے پیر پگارا نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کی ہدایت پر انظامیہ کو فری ہینڈ دے دیا جائے تو کراچی میں امن ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی قربان علی شاہ اور ضلع گھوٹکی کے فیاض لنڈ نے مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔