24 مارچ ، 2013
اسلام آباد… الیکشن کمیشن نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے جسٹس ریٹائرڈ میر ہزارخان کھوسو کو نگراں وزیراعظم مقرر کردیا۔الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم کے لیے اپنے اجلاس کے دوسرے اور آخری دن فیصلہ سنایا ، اجلاس میں میر ہزارخان کھوسو کے حق میں چار اور اختلاف میں ایک ووٹ آیا ، ان کے انتخاب پر اختلافی نوٹ لکھنے والے الیکشن کمیشن پنجاب کے رکن جسٹس رٹائرڈ ریاض کیانی کا ووٹ ناصر اسلم زاہد کی طرف تھا ، جبکہ الیکشن کمیشن کے رکن شہزاد اکبر خان نے کہاہے کہ نگراں وزیراعظم کافیصلہ کسی کی خوشی یا ناراضی سے بالاتر ہوکر کیا گیا ہے ، جمہوریت میں سب کو اختلاف رائے کا حق ہے لیکن اچھا ہوتاکہ فیصلہ اتفاق رائے سے ہو ، نگراں وزیراعظم کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کردیاجائے گا۔میر ہزار خان کھوسو کا نام پیپلز پارٹی کی طرف سے تجویز کیا گیا تھا ۔یوں16 مارچ کو قومی اسمبلی کی مدت پوری کے بعد نگراں وزیراعظم کافیصلہ اپنے آخری مرحلے کے آخری دن ہوا ، اس سے پہلے حکومت اور اپوزیشن ارکان پرمشتمل پارلیمانی کمیٹی بھی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرح کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوسکی تھی۔