01 اپریل ، 2013
اسلام آباد … این آئی سی ایل کیس میں مخدوم امین فہیم اور دیگر 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے، تمام افراد کے وارنٹ عدالت میں پیش نہ ہونے پر جاری کئے گئے۔ این آئی سی ایل کیس کراچی میں اینٹی کرپشن کورٹ کے جج ثناء اللہ غوری کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ مخدوم امین فہیم پیپلز پارٹی کی حکومت میں وزیر تجارت کے عہدے پر فائز تھے اور مئی کے عام انتخابات میں مٹیاری کے حلقہ این اے 218 سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اینٹی کرپشن عدالت نے مخدوم امین فہیم کے ساتھ ساتھ 6 دیگر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا، ان تمام ملزمان کے وارنٹ عدالت میں پیش نہ ہونے پر جاری کیے گئے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو مخدوم امین فہیم سمیت تمام ملزمان کو 12 اپریل کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔