01 اپریل ، 2013
نوابشاہ … نوابشاہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کردیا گیا، ریٹرننگ افسر نے 5 اپریل تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔ پیپلز پارٹی شہید بھٹو سے تعلق رکھنے والے علی گل کیریو نے ریٹرننگ افسر کے دفتر میں اعتراض داخل کیا ہے کہ این اے 213 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے انتخابات کے اعلان کے بعد قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر رشید زرداری کے ساتھ مل کر انتخابات پر اثر انداز ہونے کیلئے سی این جی رکشے تقسیم کئے، اس کے علاوہ ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز پیر محمد سیال کی جانب سے منعقدہ انتخابی جلسے میں شرکت کی جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ ریٹرننگ افسر نے عذرا پیچوہو کو عدالت طلب کر کے اعتراضات سے آگاہ کیا اور 5 اپریل تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔