01 اپریل ، 2013
اسلام آباد … قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے ملک بھر سے 10 ہزار 478 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں، جو 2008ء کے مقابلے میں تقریبا ً 33 فی صد کم ہیں، الیکشن کمیشن نے 4 ہزار 847 امیدواروں کی ایف بی آر، نیب، نادرا اور اسٹیٹ بینک سے جانچ پڑتال بھی کرا لی ہے۔ رواں سال11 مئی کو قومی اسمبلی کی 272 اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 577 نشستوں پر عوام اپنے نمائندوں کا براہ راست انتخاب کریں گے۔ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 10 اور خواتین کی 60 مخصوص نشستوں جبکہ صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی 23 اور خواتین کی 128 مخصوص نشستوں پر امیدواروں کا انتخاب سیاسی جماعتوں کی جیتی گئی نشستوں کے تناسب سے کیا جائے گا۔ کل 1070 نشستوں پر اس بار 10 ہزار 478 امیدواروں نے الیکشن لڑنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، 2008 کے انتخابات میں یہ تعداد 15 ہزار 56 تھی۔ قومی اسمبلی کی 342 نشستوں کیلئے 3 ہزار 794 امیدوار میدان میں اترے ہیں، 2008ء میں یہ تعداد 4 ہزار 580 تھی۔ چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 728 نشستوں کیلئے اس بار الیکشن کمیشن میں 6 ہزار 684 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ 2008 میں 10 ہزار 476 امیدواروں نے انتخاباتی کاغذات جمع کرائے تھے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نیب، نادرا، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک سے 4 ہزار 847 امیدواروں کی جانچ پڑتال بھی کرالی گئی ہے۔ الیکشن کے مطابق قومی اسمبلی کیلئے بلوچستان سے 178 اور پنجاب سے 1096، خیبر پختونخوا سے 1094 اور سندھ سے 429 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستوں کیلئے 106 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے ہیں۔