01 اپریل ، 2013
کراچی … سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ زاہد قربان علوی نے نگراں کابینہ کے ارکان کو محکموں کے قلمدان سونپ دئیے ہیں، شرف الدین میمن کو معاون خصوصی مقرر کرکے محکمہ داخلہ دیا گیا ہے۔ حکومت سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق نگراں صوبائی وزراء شکیب قریشی کو ایکسائز اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، نواب کلب حسین لاہوری کو جنگلات و جنگلی حیات، محمد شریف انصاری کو ماحولیات و متبادل توانائی، سردار خان گھوٹو کو محنت و ٹرانسپورٹ اور محمود مانڈوی والا کو محکمہ قانون و جیل خانہ جات کا قلمدان دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اقبال داوٴد پاک والا کو خوراک، رئیس غلام قاسم جسکانی کو فشریز و لائیو اسٹاک، ڈاکٹر جنید علی شاہ کو صحت، سردار یاسین ملک کو اوقاف و مذہبی امور، شبر زیدی کو خزانہ اور خالد تواب کو صنعت و تجارت کے محکمے دئیے گئے ہیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈاکٹر این کے لوہانی کو زراعت، انیس ہارون کو ترقی خواتین، خالد لطیف کو زکوٰة و سماجی بہبود، نور الہدیٰ شاہ کو اطلاعات اور عبدالقادر چوہان کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ صوبائی مشیر میاں زاہد حسین کو محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہارون فاروقی کو محکمہ کھیل اور زکریا گوڈیل کو محکمہ خصوصی تعلیم کا قلمدان دیا گیا ہے۔ حکومت سندھ کے حکم نامے کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے شرف الدین میمن کو اپنا معاون خصوصی مقرر کرتے ہوئے محکمہ داخلہ کا قلمدان دیا ہے۔