01 اپریل ، 2013
اسلا م آباد…نگران وزیراعظم میرہزارخان کھوسونے کہاہے کہ شفاف انتخابات ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعظم ہاوس سے جاری اعلامیے کے مطابق نگران وزیراعظم میرہزارخان کھوسو نے یہ بات چیئرمین سینیٹ نیئرحسین بخاری سے کی ، جنھوں نے ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینٹ نے نگران وزیراعظم کو ایوان بالا کی کارکردگی سے متعلق بریف کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندیلہ اور سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بھی وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کی ۔ نیول چیف نے نگران وزیراعظم کو پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور اور جاری منصوبوں سے متعلق بریفننگ دی۔ سیکرٹری خارجہ نے بھی ادارے کے اعلیٰ افسروں کے ہمراہ نگران وزیراعظم کو وزارت خارجہ سے متعلق امور بارے آگاہ کیا۔