پاکستان
01 اپریل ، 2013

بیرون ملک ووٹر کے لیے تیار سافٹ ویئرسپریم کورٹ میں پیش

بیرون ملک ووٹر کے لیے تیار سافٹ ویئرسپریم کورٹ میں پیش

اسلام آباد…نادرا نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کے لیے سافٹ ویئر تیار کر لیا، سپریم کورٹ میں عملی مظاہرہ بھی کر دکھایا، ایک پولنگ بوتھ سے ایک گھنٹے میں 30 ووٹ ڈالے جا سکیں گے، چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ پہلا قدم تو اٹھا لیا گیا، الیکشن کمیشن اور نادرا کے آئی ٹی ماہرین مل کر تکنیکی مسائل حل کریں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کے کیس کی سماعت کی۔ نادرا نے ملٹی میڈیا پر ای ووٹنگ کا عملی مظاہرہ دکھایا ، چیئرمین نادرا نے بتایا کہ شناختی کارڈ داخل کرنے سے فنگر پرنٹس آ جائیں گے ، ووٹر کے فنگر پرنٹس داخل ہونے پر متعلقہ حلقہ اور امیدواروں کی فہرست سامنے آ جائے گی، ووٹرز اپنے مرضی کے امیدوار کو ووٹ ڈالے گا، کوئی بھی ووٹر دوبارہ ووٹ نہیں ڈال سکتا ، ہارڈ ویئر پر 15 لاکھ امریکی ڈالر خرچ آئیں گے۔ ڈی جی الیکشن کمیشن شیر افگن کا کہنا تھا کہ ای ووٹنگ بہت خطرناک ہے اور اس میں ہیکنگ کا خدشہ ہے ، الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر کئی بڑے سائبر حملے ہو چکے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ نادرا نے پہلا قدم تو اٹھایا، بہتری کی گنجائش ہے، الیکشن کمیشن اور نادرا کے آئی ٹی ماہرین مل کر تکنیکی مسائل حل کریں۔ کیس کی مزید سماعت گیارہ اپریل کو کی جائے گی۔

مزید خبریں :