01 اپریل ، 2013
اسلام آباد… الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیداروں کے کاغذات نامزدگی اپنی ویب سائٹ پر جاری کرنا شروع کر دیے ۔ چوہدری پرویز الہیٰ ، چوہدری وجاہت حسین اور سردار سلیم حیدر سمیت کئی اہم امیداروں کے کاغذات نامزدگی ویب سائٹ پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی ویب سائٹ پر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیداروں کے کاغذات نامزدگی جاری کر رہا ہے ۔این اے 59 سے سابق وزیر مملکت سردار سلیم حیدر، این اے 72 سے سابق ایم این اے حمیر حیات خان روکڑی، این اے 71 سے عبید اللہ شادی خیل، این اے 104 سے چوہدری وجاہت حسین، این اے 105 سے چوہدری پرویز الہی ٰکے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ ویب سائٹ پر موجود کاغذات نامزدگی کے مطابق چوہدری وجاہت کے 11 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثے ہیں جبکہ ان کی تعلیمی قابلیت گریجویشن ہے۔ چوہدری پرویز الہیٰ کی تعلیمی قابلیت بھی گریجوایشن ہے، وہ 60 ایکڑ زرعی اراضی کے مالک ہیں۔ سردار سلیم حیدر کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 45 لاکھ اور حمیر حیات خان روکڑی کے اثاثوں کی مالیت 1 کروڑ 92 لاکھ روپے ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق فی منٹ 50 ہزار افراد اس کی ویب سائٹ وزٹ کر رہے ہیں جس کے باعث اس پر لوڈ بڑھ گیا، اور کچھ دیر کے لیے ویب سائٹ کو بند بھی کرنا پڑا۔