04 مارچ ، 2012
کوئٹہ … وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل عبید اللہ خان سے رابطہ کرکے ایف سی کے 3 اہلکاروں کے قتل پر افسوس، تعزیت کا اظہار کیا اور واقعہ کو انتہائی قابل مذمت اور غیر انسانی فعل قرار دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ایف سی بلوچستان کی خدمات کو خراج تحسین اور فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے ایف سی کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قتل ہونے والے ایف سی اہلکار شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بے گناہ شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی اس قسم کے واقعات کا نوٹس لینا چاہئے اور صوبے کے تمام سیاسی وقبائلی رہنماوٴں کو ان واقعات کی بھرپور مذمت کرنی چاہئے۔