04 اپریل ، 2013
گوجرانوالہ…گوجرانوالہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 96 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار خرم دستگیر خان اور ریٹرننگ افسر کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا، ریٹرننگ افسر نے 6 اپریل کو خرم دستگیر سے پراپرٹی کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔ خرم دستگیر خان ریٹرننگ افسر کے سامنے حاضر ہوئے تو ریٹرننگ افسر طارق جاوید نے پوچھا۔آپ سے پراپرٹی کی مکمل تفصیلات مانگی گئی تھیں جو آپ نے نہیں لکھیں۔ریٹرننگ افسر نے سوال کیا کہ آپ جس گھر میں رہتے ہیں وہ کس کا ہے؟ کتنے مرلے کا ہے؟ ، خرم دستگیر نے جواب دیا کہ والد صاحب نے گفٹ کیا ہے۔ ریٹرننگ افسر نے پوچھا کتنا ٹیکس جمع کراتے ہیں؟ ، خرم دستگیر کا جواب آیا 80 ہزار روپے ، سینما بھی ہے، سب کچھ ملا کر 80 ہزار روپے ٹیکس جمع کراتے ہیں؟ ریٹرننگ افسر نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ 2 لاکھ روپے تو میں ٹیکس جمع کراتا ہوں، جس پر خرم دستگیر بولے آپ کی تنخواہ اور مراعات زیادہ ہیں۔ ریٹرننگ افسر نے کہا اس بات کو رہنے دو، بہت کچھ نکل آئے گا۔ ریٹرننگ افسر نے خرم دستگیر کو 6 اپریل کو پراپرٹی کی مکمل تفصیلات کے ساتھ حاضر ہونے کی ہدایت کی۔ خرم دستگیر نے 5 سالہ دور حکومت میں غیر ملکی دوروں کی بھی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے امریکا، برطانیہ، کینیڈا، بیلجیئم، فرانس ، یو اے ای اور بھارت سمیت 13 ممالک کے دورے کئے۔ دورے پنجاب حکومت، وفاقی حکومت اور این جی اوز کی طرف سے کئے۔ ریٹرننگ افسر نے خرم دستگیر سے دوروں پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔