پاکستان
05 مارچ ، 2012

صدر کی آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے کی ہدایت

صدر کی آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے کی ہدایت

اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں سیاسی قوتوں کی مضبوطی کیلئے مفاہمت کی پالیسی جاری رکھی جائے گی جبکہ عام آدمی کو آئندہ بجٹ میں ہر ممکن ریلیف دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے وفاقی وزراء اور مرکزی رہنماوٴں نے شرکت کی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق اجلاس میں سینیٹ انتخابات کے بعد کی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے صدر زرداری اور پارٹی قیادت کو سینیٹ انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بننے پر مبارکباد دی اور فخر کیا گیا کہ بعض عناصر کی طرف سے رکاوٹیں ڈالنے کے باوجود موجودہ حکومت کو سینیٹ کے 2 متواتر الیکشن کرانے کا منفرد اعزاز حاصل ہوا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اس سیاسی اعزاز کو ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کی بھلائی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ اجلاس میں صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے پانچویں خطاب پر بھی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر پانی و بجلی نوید قمر نے بجلی اور توانائی کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ شرکاء نے ان مسائل کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے توانائی بحران کے حل کے اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے بلوچستان میں امن وا مان اور کوہستان فائرنگ کے واقعہ پر بریفنگ دی۔ صدر زرداری نے شرکاء کو بتایا کہ وہ سینیٹ انتخابات کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج رات اتحادی قیادت سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اجلاس میں صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا ظہار کیا گیا۔

مزید خبریں :