18 اپریل ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن کے اجلاس میں انتخابی امور،امن و امان کی صورت حال اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے جیسے اہم امور کا جائزہ لیاجارہاہے۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ سیاسی قائدین اور امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں سینیٹ کی خصوصی کمیٹی برائے انتخابی امور کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیاجارہاہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے سے متعلق آرڈننس کی تیاری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اجلاس میں کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ سیاسی قائدین اور امیدواروں کا تحفظ یقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امن وامان یقینی بنانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔