پاکستان
18 اپریل ، 2013

محکمہ موسمیات کی اتوار سے بدھ تک بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی اتوار سے بدھ تک بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد … ملک کے اکثر علاقوں گرمی کی شدت بڑھتی جارہی ہے ایسے میں محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہے کہ اتوار سے بدھ تک ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، دن ہو یا رات گرم ہواوٴں کا ڈیرا جما ہوا ہے، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں ابھی گرمی نے پوری طرح قدم نہیں جمائے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم مکران، میرپور خاص اور حیدرآباد ڈویژن میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جمعے کو قلات، مکران، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن، کوئٹہ ،ژوب، بنوں، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار سے بدھ تک بالائی سندھ، جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور سکھر میں 43، پڈعیدن اور بے نظیر آباد میں 42 جبکہ لاڑکانہ میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :