18 اپریل ، 2013
کراچی …سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کے کیس میں آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو نو گو ایریاختم کرنے اور لاپتہ نوجوان عرفان غوری کو بازیاب کرانے کا حکم دیا ہے۔ درخواست گزار محمد اسلم خان غوری نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی کہ اس کا بیٹاعرفان غوری نیوکراچی سے پاک کالونی جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا ،دو ہفتے قبل نامعلوم افراد نے فون کرکے دو لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ درخواست میں مغوی کی بازیابی کی استدعا کی گئی ہے۔عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ عرفان غوری کے موبائل فون کی ٹریسنگ لیاری سے ملی تھی، اور وہ رینجرز کے بغیر وہاں نہیں جاسکتے۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگ غلط بیانی سے کام لیتے ہیں، شہر میں نو گو ایریاز موجود ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے مغوی نوجوان کو بازیاب کرانے کا حکم دیا۔