21 اپریل ، 2013
پشاور…محکمہ داخلہ خیبر پختونخوانے کرایے کے گھروں میں رہائش پذیر غیر ملکیوں اور ان گھروں میں قائم غیر ملکی این جی اوز کا ریکارڈ موجود نہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔جب کہ ڈپٹی کمشنرز کوملکی و غیر ملکی کرایہ داروں کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے اعلامیے میں اعتراف کیا گیا ہے کہ صوبے میں کرایے کے گھروں میں رہائش پذیرافراد بالخصوص غیرملکیوں اوران گھروں میں قائم غیر ملکی این جی اوز کا ریکارڈ موجود نہیں۔ جس کی وجہ سے امن و امان کا مسلہ درپیش ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں تین ماہ کے اندر ملکی و غیر ملکی کرایہ داروں کے کوائف حاصل کریں جس کے بعد خصوصی ٹیمیں خیبر پختونخواکا دورہ کریں گی۔ اس دوران کوائف موجود نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔