01 مئی ، 2013
لاہور…پنجاب کے وزیرداخلہ طارق پرویزکاکہناہے کہ الیکشن کے موقع پرصوبے میں پولیس کے2لاکھ 65ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے،لاہور میں 31ہزار پولیس اہلکاراور آرمی کی 30کمپنیاں فرائض انجام دیں گی۔ وزیرداخلہ پنجاب طارق پرویزنے کمشنر آفس لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران الیکشن کے موقع پرسیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا،انہوں نے بتایاکہ 160 حلقے حساس ہیں ،جہاں چار چار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے ، پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات کم ہیں لیکن لاپروائی نہیں برتی جائے گی۔وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر فوج تعینات ہوگی،کسی امیدوارکوجتنی تھریٹ ہوگی،اسے اتنی سیکیورٹی دی جائے گی، گاڑیوں کی تلاشی کے ساتھ ساتھ اشتہاریوں کی ممکنہ کارروائیوں پربھی نظررکھی جارہی ہے۔لاہورکے کورکمانڈر ہاوس میں بھی انتخابات کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے 4ہزار 235 حساس پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ،اجلاس میں بتایاگیاکہ فوج اور رینجرز کے دستے حساس پولنگ اسٹیشنوں کے علاقوں میں فلیگ مارچ کرتے رہیں گے۔