01 مئی ، 2013
کراچی …پیپلز پارٹی ،متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماوٴں کی کراچی میں 24گھنٹوں کے دوران تیسری ملاقات ہوئی۔جس کے بعد مشترکا نیوز کانفرنس میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور اے این پی کے بغیر انتخابات بے معنی ہوں گے۔ پیپلزسیکریٹریٹ میں ایم کیو ایم کے رہنماء رضا ہارون اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنمامولا بخش چانڈیو نے کہا کہ انتخاب سے پہلے ایسا ماحول بنایاجارہا ہے جس سے جمہوریت کے خلاف سازش ہورہی ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت ایکشن میں آئے۔ رضا ہارون نے کہاملک میں دہشت گرد متوازی ریاست لیکر سامنے آگئے ہیں،دہشت گرد تین جماعتوں کو اپنا ضمانتی اورتین کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تین صوبوں میں بم دھماکے ہورہے ہیں ، جس کی مذمت بھی نہیں کی جارہی ہے ،لیکن الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کریں گے ،بلکہ ڈٹے رہیں گے۔اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا کہ دہشت گردی ایک سوچ ہے جسے آسانی سے ختم نہیں کیا جاسکتا ، چار جماعتیں پاکستان اور اسلام کے دشمنوں کو سہارا بنا رہی ہیں ، عوام کو فیصلہ کرنا کہ طالبان کے حامیوں کو ووٹ دینا ہے یا ان کے مخالفین کو۔