07 مارچ ، 2012
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں انتخابی عملہ کو تھپر مارنے پر وحیدہ شاہ کو دو سال کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے پی ایس 53 کے انتخابات کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 53 کے ضمنی الیکشن میں امیدوار وحیدہ شاہ کی طرف سے پولنگ عملے پر تشدد کے خلاف معاملے کی سماعت کی ، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے وحیدہ شاہ کو دو سال کے لیے نااہل قرار دے دیا،وحیدہ شاہ کی نااہلی کی مدت 7 مارچ 2012 سے شروع ہو گی ، چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حامد علی مرزا اور سندھ سے الیکشن کمیشن کے ممبر روشنعیسانی نے فیصلے پر اختلافی نوٹ لکھے کہ یہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں جب کہ دیگر تین ممبران پنجاب سے جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی، بلوچستان سے جسٹس ریٹائرڈ فضل الرحمان، خیبر پختون خوا سے جسٹس ریٹائرڈ شہزاد اکبر نے فیصلے کی حمایت کی ، الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ پی ایس 53 میں فوری طور پر نئے ضمنی انتخابات کرائے جائیں، الیکشن کمیشن نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موقع پر موجود ڈی ایس پی عرفان شاہ کے خلاف کارروائی کر کے الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں، وحیدہ شاہ کیس کا تفصیلی فیصلہ کل جاری کیا جائے گا۔