08 مارچ ، 2012
ڈیلس … راجہ زاہد اختر خانزداہ … فالکن کرکٹ کلب ڈیلس کے زیراہتمام اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی، جس میں کمیونٹیکی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ امریکہ میں کرکٹ کو مقبول عام بنانے میں فالکن کلب کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب کا آغاز معروف قاری صداقت حسین کی تلاوت اور نعت شریف سے ہوا۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض کلب مجیب خلیل نے سنبھالے جبکہ ممتاز کاروباری شخصیت تبسم ممتاز، کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں آصف مجتبیٰ اور منصور احمد،نارتھ ٹیکساس کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید شاہ نواز نے عمدہ کارکردگی پر ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ کلب کے بانی مجیب خلیل نے فالکن کلب کی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کلب نہ صرف کرکٹ کے کھیل کو امریکہ میں فروغ دے رہاہے بلکہ باہمی میل جول اور معاشرتی رابطوں کے ذریعے مضبوط معاشرہ تشکیل دینے میں بھی اہم کردار ادا کررہاہے ۔ فالکن کرکٹ کلب نے جنگ گروپ اور جیو ٹی وی کے ٹیکساس میں نمائندہ راجہ زاہد اختر خانزادہ کو کمیونٹی کی صحت مند سرگرمیوں کی کوریج کرنے اور کمیونٹی کی حوصلہ افزائی پر انہیں حسن کارکردگی کی شیلڈ پیش کی۔ کلب کے صدر عبدالجلیل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کمیونٹی کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کیلئے آگے آئیں، فالکن کے دروازے ان کیلئے کھلے ہیں۔ ٹرافیاں اور انعامات پانے والوں میں کیپٹن سرفراز بیگ، جاوید عالم، ڈاکٹر ندیم اقبال، عبداللطیف، راجہ شعیب، جواد محمد، مہتاب راجہ، احمد جنجوعہ، عذیر منصور، زیب خالد، عباس صفدر، زاہد محمود، جاوید عالم، اذان سرفراز اور شیخ یوسف کے نام شامل ہیں۔