12 مئی ، 2013
کوئٹہ …بلوچستان کے نئے انتخابی منظر نامے میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور ن لیگ بڑی پارلیمانی جماعتوں کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ جبکہ ق لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف جیسی سابقہ بڑی جماعتیں اقلیت میں تبدیل ہوچکی ہیں، کوئٹہ سے راشد سعید کی رپورٹ بلوچستان اسمبلی کے غیرحتمی، غیرسرکاری نتائج کے مطابق ملی جلی سیاسی صورتحال سامنے آئی ہے۔ پشتون علاقوں سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں اب تک نو نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے اپنی برتری ثابت کردی ہے ،ان میں ان کی کوئٹہ کے چھ میں سے تین حلقوں پر جیت بھی شامل ہے،جبکہ مسلم لیگ ن جو گذشتہ انتخابات میں صرف دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکی تھیں اب تک چھ نشستیں جیت چکی ہے، پشتونخواہ میپ کی طرح الیکشن کا بائیکاٹ کرنیوالی دوسری جماعت نیشنل پارٹی بھی چار نشستوں پر کامیابی حاصل کرچکی ہے،دوسری جانب گذشتہ دور میں چودہ نشستوں کی حامل سب سے بڑی پارلیمانی جماعت مسلم لیگ ق کو صوبے میں صرف چار نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے،اسی طرح گذشتہ دور میں دوسری بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کو بھی حالیہ انتخابات میں بڑے سیٹ بیک کا سامنا ہے، پچھلے انتخابات میں بارہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والی پیپلز پارٹی کو اب تک صرف ایک نشست پر ہی اکتفا کرنا پڑرہاہے،یہی پوزیشن ہے بی این پی عوامی کی جس نے گذشتہ انتخابات میں پانچ نشستوں کے برعکس اب تک صرف دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔