14 مئی ، 2013
لاہور…حالیہ انتخابات کے بعد ہر جانب سے دھاندلی کی صدائیں بلند ہورہی ہیں، ان ہی میں سے ایک آواز فلمسٹار میرا کی بھی ہے جنہوں نے اپنی والدہ کے ہارنے پر دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ا انتخابات میں اپنی والدہ کی شکست پر ان دنوں وہ غمزدہ ہیں۔ میرا نے اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلانے کی بھرپور کوشش کی مگر اس دوران انہیں اپنے مستقل رہائشی سرٹیفیکیٹ کے اجرا کیلئے کینیڈا جانا پڑا، لیکن میرا بہت کوششوں کے باوجود اپنے پی آر سی کے اجرا میں بھی ناکام رہیں۔ اور الیکشن میں انکی والدہ کو بھی محض 225 ووٹ ہی مل سکے۔ ورنہ الیکشن سے پہلے تو میرا کو اپنی والدہ کی فتح کا اس قدر یقین تھا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست سے کھڑی ہونے والی والدہ کو وہ وزیراعلیٰ کے بجائے وزیراعظم بنانے کو تیار تھیں۔گیارہ مئی کو پی پی 83 ہارون آباد سے انتخابات لڑنے والی میرا کی والدہ شفقت زہرا بخاری کے مقابل مسلم لیگ ضیا کے امیدوار چوہدری غلام مرتضیٰ 43 ہزار 637 ووٹ لے کر کامیاب ہوچکے ہیں۔ جس پر میرا نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا مطالبہ تو کردیا ہے مگر انگلش کی ٹانگ ایک بار پھر توڑتے ہوئے counting کو accounting بول گئیں ۔