20 مئی ، 2013
راولپنڈی…بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔پرویز مشرف کے وکیل نے کہا ہے کہ پوسٹ مارٹم نہ کرانے کا فیصلہ آصف علی زرداری نے کیا، ان کے موکل پر ذمہ داری عائد نہیں کی جا سکتی۔ راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پرویز مشرف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیئے کہ پرویز مشرف کو بے نظیر سمیت مرنے والے کسی خاندان نے ملزم نہیں ٹھرایا ، ایف آئی اے نے انہیں ملزم ٹھرایا۔ قتل کی تفتیش انکا مینڈیٹ نہیں، عدالت کو بتایا جائے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی سازش تیار کی گئی تو اس میں کون شامل تھا؟ایف آئی اے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر نے کہا کہ پرویزمشرف کی ضمانت منظور کی گئی تو وہ ملک سے بھاگ جائیں ، عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔