20 مئی ، 2013
راولپنڈی…آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خطرات کے باوجود باہر نکل کر ووٹ ڈالا اور گمراہ کن اقلیت کو شکست دی ہے۔جی ایچ کیوراولپنڈی میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد ( آئی ای ڈیز)کے خلاف سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے ثابت کیا کہ وہ بہادر، محنتی اور اعتدال پسند ہے ، قوم نے عام انتخابات میں ووٹ ڈال کر گمراہ کن اقلیت کو شکست دی ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ پا کستان نے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کے خاتمے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں، اس کی روک تھام کے لیے ریجنل فورم کا قیام عمل میں لایا جائے۔ آرمی چیف نے کہا کہ وہ ملکی خوشحالی اور قانون کی بالادستی کے لیے پرعزم ہیں، ملک کو درپیش چیلنجوں پر مل کر قابو پائیں گے ، سمپوزیم میں پاکستان، امریکا اور برطانیہ سمیت 28 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔